ڈیرہ اسماعیل خان؛ پاک فوج،پولیس اور انتظامیہ نے محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

116

ڈیرہ اسماعیل خان، 29اگست(اے پی پی): ڈی آئی خان کی سپریم کمانڈ پوسٹ پر کرنل شاھد ریاض، ڈی سی محمد عمیر اور ڈی پی او کیپٹن (ر)واحد محمود نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پاک فوج، پولیس اور انتظامیہ نے محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، امید ہے کہ علماء کرام، تاجران اور شہریوں کے تعاون سے یوم عاشورہ پر امن گزرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو موبائل سروس کی بندش ر ہے  گی جبکہ واپڈا اور گیس  کی سروس بلا تعطل فراہمی جاری رہے گی۔

 ڈی پی او کیپٹن (ر)واحد نے کہا کہ مجالس اورجلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے سپریم کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی  ہے ۔ محرم الحرام کی سیکورٹی کے لئے چار ہزار پولیس اہلکار اور پاک فوج کی چار بٹالین تعینات کی گئی ہیں اور جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے ایک سو ستر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متنازعہ مواد کو روکنے کے لئے سائبر کرائم سیل کو بھی فعال کر دیا گیا ہے جو انتشار پیدا کرنیوالے افراد اور انکی طرف سے جاری کردہ مواد پر نظر رکھے  گی اور کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز مواد کے جاری کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کریگی۔