پشاور،29اگست(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ ایک جامع حکمت عملی کے تحت ریسکیو 1122 محرم الحرام کے دوران عزاداروں اور صوبے بھر میں برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پشاور کے حسینیہ ھال صدر سے برآمد ہوا جہاں زنجیر زنی کرنے والے 100 سے زائد عزاداروں کو سانس کی تکلیف، بلڈ پریشر اور دل کے امراض کیلئے طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو1122 میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس یونٹ (بس)، 6ایمبولینسز اور 3 فائر ویکلز تعینات کی گئیں جبکہ ریسکیو1122 کی جانب سے میڈیکل کیمپ اورخواتین سمیت80ریسکیو اہلکار تعینات کیے گئے۔
ریسکیو 1122 صوبے بھر میں 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں اور تمام جلوسوں کے ہمراہ میڈیکل ٹیکنیشز اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے ہیں، اسی طرح آج علی الصبح مختلف امام بارگاہوں میں جراثیم کش سپرے بھی کیا گیا تاکہ کرونا وائرس سے عزاداروں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔











