ڈیرہ مراد جمالی، 30اگست(اے پی پی)؛ شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نصیرآباد کے مختلف علاقوں میں دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں ،مرکزی امام بارگاہ صادق جعفر سے جلوس برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے،جلوس میں عزاداروں کی جانب سے سینہ کوبی،زنجیر زنی اور نوحہ خوانی بھی کی جا رہی ہے ،جلوس میں علم اور تابوت بھی شامل ہیں اور عزادار زیارت بھی کر رہے ہیں۔
ماتمی جلوس کے شرکاء امام بارگاہ محبوب علی شاہ میں نماز ظہرین ادا کریں گے،جلوس کے راستوں میں سبیلوں اور لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
ماتمی جلوس کے گزر گاہوں کے راستوں پر سیکورٹی انتہائی سخت ہے، چھتوں پر ایف سی بلوچستان اور پولیس کے سنائپر تعینات کئے گئے ہیں۔جلوس کی سکیورٹی کے لئے ایف سی پولیس ،سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔
جلوس میں ایمبولینس کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکل اسٹاف کا عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے ۔











