سکھر: یوم عاشورہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

88

 سکھر، 30اگست(اے پی پی): ملک بھر کی طرح حضرت امام حسین ؓ اور انکے ساتھی شہدائے کربلا کی یاد میں سکھرسمیت ریجن بھر کے مختلف اضلاع میں یوم عاشورہ محرم الحرام اتوار کے روز نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،سکھر ضلع بھر میں تین درجن سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے  اورمختلف مقاماتِ پر مجالس عزا منعقد کی گئیں۔

سکھر میں عاشورہ محرم الحرام کا سب سے بڑا مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد سے برآمد ہوا جو بیراج روڈ، گھنٹہ گھر، مینارہ روڈ، اسٹیشن روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کے علاوہ روایتی تعزیوں، ذوالجناح اور علم تعزیوں اور علم بردار عزادروں کے ماتمی چھوٹے بڑے جلوس شامل ہوگئے اور اپنے مقررہ راستوں سے گز ر کر اختتام پذیر ہوئے۔

 یوم عاشورہ پر نکالے جانے والے ماتمی جلوس میں شامل عزاداران حسین ؓنے تعزیے اور علم اٹھا رکھے تھے۔ چوک گھنٹہ گھر سمیت دیگر مقامات پر مجالس عزاداری میں ذاکرین نے واقعہ کربلا کے حوالے سے تقاریر کیں، شام کو مرکزی امام بارگاہ میں شام غریباں منعقد ہوئی۔