پشاور، 2ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے عوام اور سکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، پولیس مجرموں سے برتاؤ اور تفتیش کے عمل میں تشدد کے عنصر سے گریز کرے ا،نتہا پسندی نے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے۔
وہ آج یہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پشاور کیمپس میں پیغام پاکستان عنوان کے تحت پولیس کے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ پیشہ وارانہ سرگرمیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنائیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اے پی ایس کے واقعے کے بعد پوری قوم ایک ہوگئی،معاشرے کو خوشحال پھول اور مضبوط بنانے کے لیے لئے دہشت گردی انتہا پسندی اور کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تشدد، عدم برداشت اور انتہا پسندی کی وجہ سے بہت نقصان ہورہا ہے، پاکستان کے وجود میں آنے کا مقصد ایک ایسے پرامن اور مہذب معاشرے کا حصول تھا جو کہ اسلامی اصولوں کے عین مطابق ہو اور جہاں مظلوم کو انصاف اور ظالم کو سزا ملے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیس دہشتگردی اور جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے۔ جہاں عوام خود کو محفوظ سمجھیں اور اداروں پر انحصار اور اعتماد ہو۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے سینہ تان کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے اور اس جنگ میں ہم نے بہترین جوانوں اور افسروں کو کھویا ہے ، اگرچہ دہشت گردی اور انتہا پسندی شاید اب بھی کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے اس لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر ہمیں اس کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے اور اسلامی معاشرے کی تشکیل میں بنیادی نقطہ ہی امن و انصاف ہے اور عام آدمی کو امن و انصاف کے ثمرات ملنے سے شہریوں کا اداروں پر اعتماد بحال ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کل انڈیا میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان بنانے کا خواب اور جدوجہد برصغیر کے مسلمانوں کے لیے کتنا ضروری تھا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیس مشکل حالات میں کم تنخواہ میں فرائض انجام دیتی ہے اور انہیں اس بات کا ادراک ہے اور اس میں مزید بہتری کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھایا جائے گا۔
شوکت علی یوسفزئی نے علامہ اقبال یونیورسٹی کی اس کاوش کو سراہا اور پولیس نوجوانوں پر زور دیا کہ تربیتی ورکشاپ کے اسباق کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں۔











