لاہور،2ستمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا دوسرا سال مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں۔حسن اتفاق ہے کہ پنجاب میں تیسرے پارلیمانی سال کا بھی آغاز ہورہاہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات کاآغاز کردیاہے۔ بعض پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں اوربعض پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وہ آج 90شاہراہ قائداعظم پر صوبائی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے کلیدی خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقتدار سنبھالا تو جان کر بڑی حیرت ہوئی کہ بعض اداروں کے بورڈ آف گورنر وغیرہ کے اجلاس برسوں گزرنے کے باوجود منعقد ہی نہیں ہوتے تھے۔ مشکل مالی حالات میں ہم نے چیلنج کو قبول کر کے پروبزنس اور پروگریسوبجٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش کیا جانا شاید ممکن نہیں۔ہر سال بجٹ میں ٹیکس بڑھائے جاتے ہیں، ہم نے نئے مالی سال میں ٹیکس ختم کئے ہیں یا انکی شرح کم کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کا عزم کیا ہے،مختلف شہروں میں 7یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں۔انفراسٹرکچر بھی بہتر بنائیں گے لیکن ہماری بھر پور توجہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر مرکوز ہے۔کنسٹرکشن انڈسٹری کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ہر نوجوان کو روزگار کے معاملے میں خودکفیل کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب کے مالی امور میں شفافیت اورانتظامی امور میں میرٹ ہمار ا نصب العین ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کر کے وعدے کو نبھایاہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل آئی جی تعینات کیے جاچکے ہیں۔ محکموں کیلئے سیکرٹریز کی تعیناتی بھی کردی گئی ہے۔جنوبی پنجاب کیلئے 33 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کر دیئے ہیں اوریہ فنڈز کسی اورجگہ منتقل نہیں ہوسکتے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پاکستان کا سب سے بڑا میگا منصوبہ ہے۔اس منصوبے کی افادیت سے کوئی انکارنہیں کرسکتا۔یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کو معاشی طورپر اوپر لے کر جائے گا۔پنجاب میں 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام پر کام شروع کردیا ہے۔وفاقی حکومت نے 6سپیشل اکنامک زونز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،7زونزکا نوٹیفکیشن جلد ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تقریب میں سینئر کالم نگاروں،صحافیوں اوراینکرپرسنز کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ایک سوال کے جواب وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہیں اورزیادہ تر اشیاء حکومت کے مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہیں۔اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کاخود باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں اورہدایات جاری کرتا ہوں۔پنجاب میں مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنارہے ہیں۔
صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پنجاب حکومت کی نمایاں کامیابیوں کے بارے میں اظہار خیال کیا۔تقریب میں صوبائی وزراء مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹریز اوراعلی حکام نے شرکت کی۔











