کراچی: ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن  کی  تیاریاں مکمل

112

کراچی، 02 ستمبر(اے پی پی ): کراچی میں ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئیں  ہیں  ،کراچی میں ہر مرتبہ بارشوں کے بعد ندی نالوں کے اطراف تباہی پھیلتی ہے، اس حوالے سے ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

 آپریشن میں شہری، انتظامیہ سمیت پاک فوج اور رینجرز کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، 12 مقامات پر گرینڈ آپریشن کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، گجر نالے کے 3، لیاری ندی کے 2 مقامات  سمیت  اورنگی نالے کے 3، ملیر ندی میں 2 مقامات پر آپریشن ہوگا جب کہ محمود آباد نالے کے اطراف 2 مقامات پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔

اس اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کریں گے، گرینڈ آپریشن کے لیے 12 ایکسکویٹرز بھی منگوا لیے گئے، جن کے ساتھ جیک ہیمر بھی ہوں گے۔آپریشن کے دوران ندی نالوں کے دونوں اطراف 30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی، تجاوزات پر رہائش پذیر افراد کے لیے عارضی کیمپس بنائے جائیں گے، آپریشن کے سلسلے میں اینٹی انکروچمنٹ فورس کی سندھ بھر سے اضافی نفری بھی کراچی پہنچ گئی ہے۔

 واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے جس میں سرجانی ٹان، ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقے شامل ہیں۔