اسلام آباد ، 4 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ اوپی ایف میں ایک ہی چھت کے نیچے اوورسیز پاکستانیوں کو اب تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ معاون خصوصی نے جمعہ کے روز اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن (اوپی ایف ) کے ہیڈکوارٹر میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سمندر پا ر پاکستانی ایک چھت تلے نادرا سروسز کے علاوہ پاسپورٹ کی بھی سہولیات حاصل کر سکیں گے ، پاسپورٹ آفس کھولنے کا مقصد اوورسیز کو ایک جگہ پر سہولت فراہم کرنا ہے ، اب اوورسیز پاکستانیوں کے خاندانوں کو پاسپورٹ بنوانے کے لیے اپنے علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا ، وہ اپنے اپنے اضلاع کی بجائے سمندر پار پاکستانی ، اوپی ایف ہیڈکوارٹر سے ہی پاسپورٹ بنواسکیں گے ۔
زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زمین کے تنازعات کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کررہے ہیں اس حوالے سے فاسٹ ٹریک کورٹس کا قیام آخری مراحل میں ہے ۔
تقریب کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن ڈاکٹر عامر شیخ ، ڈی جی بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کاشف احمد نور اور وزارت اوورسیز پاکستا نیز کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔











