پولیو خاتمہ اولین حکومتی ترجیح، اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی؛ وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا

96

پشاور، 4ستمبر(اے پی پی): پولیو کے خاتمے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ اس مرض کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مرض کا خاتمہ متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو لیڈر شپ دکھانی ہو گی۔ محکمہ صحت ان کی پشت پر کھڑا ہو گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے انسداد پولیو کے حوالے سے منعقدہ جائزہ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا میں منعقدہ اجلاس میں گزشتہ پولیو مہمات اور رواں ماہ ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیو ہمارے بچوں کی معذوری اور پاکستان کے وقار کو متاثر کرنے کا باعث ہے۔ اس مرض کا نہ صرف صوبے بلکہ ملک اور پورے خطے سے خاتمہ ضروری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور یہ اولین حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اس معاملے میں ڈی ایچ اوز کو لیڈر شپ دکھانی ہو گی کیونکہ بنیادی طور پر یہ محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اوز اس مرض کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

اجلاس میں سیکریٹری صحت خیبرپختونخوا سید امتیاز حسین شاہ، اسپیشل سیکریٹری صحت میاں عادل اقبال، کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، صوبے کے 21 اضلاع کے ڈی ایچ اوز، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندوں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔