پندرہ روز گزر چکے، سندھ میں برساتی پانی کہیں سے بھی نہیں نکالا گیا: حلیم عادل شیخ

91

میرپورخاص،07ستمبر(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ  نے کہا ہے کہ آج پندرہ روز گزر چکے ہیں لیکن برساتی پانی کہیں سے بھی نہیں نکالا گیا ہے، میرپورخاص، کھپرو، سانگھڑ، کنڈیاری،جھڈو نئوکوٹ، کنری، عمرکوٹ، پتھورو سمیت دیگر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

برسات سے متاثرہ علاقوں سے  پانی نہ نکالا جانے پر اپنے وڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ برسات متاثرہ علاقوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ہزاروں خاندان سڑکوں پر بے یارو مددگار بیٹھے ہیں، برسات متاثرہ علاقوں میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔

حلیم عادل شیخ  نے کہا کہ سندھ حکومت نے   سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ برسات متاثرہ علاقوں میں مچھر دانیاں اور پکا ہوا کھانہ پہنچائیں۔

پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ  نے کہا کہ سندھ حکومت کا امدادی سامان وڈیروں کو دیا جارہا ہے، ان  وڈیروں نے ہی غریبوں کے دیہاتوں کو ڈبویا، اب انہی غریبوں کا امدادی سامان  بھی ان کو دیا جارہا ہے جو کہ غریب اور مستحق سیلاب متاثرین کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ علاقوں میں گورنر سندھ کی جانب سے اور اپنی مدد آپ کے تحت سامان پہنچا رہے ہیں،  ہم ان مستحقین کو مکمل رلیف دلوا رہے ہیں، متاثرین سیلاب کو اس مشکل کی گھڑی سے نکالیں گے اور انکی  ہر ممکن مدد کی جائے گی۔