کوہاٹ انڈس ہائی وے پر پولیس کی اہم کاروائی، بین الاضلاعی اسلحہ و منشیات سمگلر صاحب نور  گرفتار۔ ڈی پی او کوہاٹ، جاوید اقبال

106

پشاور، 7 ستمبر(اے پی پی): کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب چیکنگ کی کاروائی میں فلائنگ کوچ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد کرکے وزیرستان سے تعلق رکھنے والے  بین الاضلاعی اسلحہ و منشیات سمگلر نیٹ ورک کے رکن کو گرفتار کرلیا۔

اس کاروائی کے بارے تفصیلات دیتے ہوئے کوہاٹ، ڈی پی او جاوید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ پکڑے گئے اسلحے اور منشیات میں مختلف بور کے 31 عدد پستول, 2 ریپیٹر گن, 60 چارجرز, 6100 کارتوس اور 2 کلوگرام افیون شامل ہیں جو وزیرستان سمگل کئے جارہے تھے۔

ڈی پی او جاوید اقبال نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی ایس ایچ او جرما، عرفان خان کی قیادت میں پولیس ٹیم کی طرف سے عمل میں لائی گئی،جہاں زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ اسلحہ سمیت پکڑے گئے سمگلروں نے اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے غیر قانونی ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات متوقع ہیں۔