بورے والا،07ستمبر(اے پی پی ):سوشل میڈیا کے ذریعے اسلحہ کی نمائش اور شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے تین نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا،پولیس نے تینوں نوجوانوں سے بلا لائسنس جدید اسلحہ برآمد کر کے مقدمات بھی درج کر لیے ہیں۔
تینوں نوجوان اشفاق ، جواد اور عمر جدید اسلحہ لیکر اسکے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل کرتے اور خود کو علاقے کا ڈان سمجھتے تھے۔
ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان نے انکی ویڈیو دیکھتے ہی فوری اپنے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے انکا کھوج لگا کر گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان نے اس کارروائی کے بعد عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو اسلحہ کی نمائش پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے سےروکیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شہری قانون شکن عناصر کی نشاندہی کریں، پولیس کسی سے کوئی رعایت نہیں برتے گی۔