بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا میگا پراجیکٹ سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے: منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال

106

ملتان، 11ستمبر ( اےپی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال نے کہا ہے کہ ملتان شہر میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے  میگا پراجیکٹ کا آغاز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس منصوبے کے تحت سوا دو ارب کی مالیت سے 148 کلو میٹر پرانی لائنوں کی تبدیلی سے واسا کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور بوسیدہ لائنوں پر آۓ روز کراؤن فیلیئر کے واقعات پیش آنے کی شکایات بھی ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے میگا پراجیکٹ پر عملدرآمد کے دوران اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے اور کام کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ  منصوبے  کی ڈیلی پراگریس  بارے متعلقہ سیوریج ڈویژن اور کنسلٹنٹ نیسپاک کو باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے میگا پراجیکٹ کے معائنہ  کے دوران سیوریج ڈویژنوں، کنسلٹنٹ نیسپاک اور کنٹریکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا  سابق چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر، ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج ملک زاہد اقبال، حافظ محمد وقاص اور نیسپاک کے افسران موقع پر موجود تھے۔ اس دوران ایم ڈی واسا نے تمام سیوریج افسران کو بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے پر  سپروژن کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا انہوں نے سورج کنڈ روڈ پر مزید ڈی واٹرنگ پمپس بھی لگانے کا حکم دیا تاکہ ملحقہ آبادیوں کو نکاسی آب کی شکایات  پر ریلیف فراہم کیا جا سکے جبکہ گل زیب کالونی میں لیبر کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی انہوں نے اس دوران متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج کو جاری منصوبوں کے مقامات  پر تمام ضروری حفاظتی انتظامات بھی یقینی بنانے کا حکم دیا۔