ملتان، 12ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ضلع ملتان میں انسداد ڈینگی کے پیش نظر تمام سرکاری دفاتر میں خصوصی صفائی کی جارہی ہے، تمام افسران صفائی کی مانیٹرنگ کے لئے دفاتر میں موجود ہیں۔
تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی صفائی مہم جاری و ساری ہے۔جلالپور پیروالا میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرجمشیداختر نے صفائی مہم میں مثال قائم کردی، ڈاکٹر جمشید اختر نے اپنے آفس میں خود جھاڑو لگا کر صفائی مہم کا آغاز کیا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کو پبلک مقامات پر بھرپور صفائی کرنےکی ہدایت کی۔
دوسری جانب محکمہ صحت کی طرف سے سرکاری دفاتر میں مچھر مار سپرے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی سی کی ہدایت پر دفاتر کا کاٹھ کباڑ،پرانے ٹائر قواعد کے مطابق ڈسپوز آف کیے جارہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دفاتروں میں کسی بھی جگہ پانی کو جمع نہ ہونے دیا جائے،دفاتروں میں لگے فواروں کو خشک کردیا جائے اور پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔











