پشاور، 12ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کی زیر صدارت پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ظفر علی شاہ نے معاون خصوصی کو جنرل بس اسٹینڈ منتقلی، پشاور ماڈل ٹاؤن اور رینگ روڈ پشاور کے جنوبی بقیہ حصہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے رینگ روڈ پشاور کے جنوبی حصے میں باقی لینک روڈ پر معاون خصوصی کامران بنگش کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رینگ کے نامکمل حصہ جس کی لمبائی 8.4 کلومیٹر ہے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے مکمل ہونے پر 20.8 بلین روپے کا خرچ آئے گا، جس کا بندوست کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے معاون خصوصی کامران بنگش کو جنرل بس اسٹینڈ اور پشاور ماڈل ٹاؤن پر اب تک ہونے والے کام سے بھی آگاہ کیا۔
جائزہ اجلاس میں متعلقہ اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ پشاور کی ترقی اور یہاں پر رہنے والے والوں کو بہترین سروسز کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، شہر میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی، نکاسی آب اور خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں محکمہ بلدیات کی ماتحت ادارے بہترین انداز میں خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
پشاور ماڈل ٹاؤن اور جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی پر معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ حاجی کیمپ سے بس اسٹینڈ کی منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے اس پر کاغذی کارروائی سے نکل کر ٹھوس اقدامات کی جانب بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت عوام کو اس کے ثمرات مل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ماڈل ٹاؤن پر بھی کام تیز کر دیا جائے جبکہ جہاں کہیں قانونی پیچیدگیاں ہیں ان کو دور کرنے کے لیے متعلقہ آفیسرز ٹائم لائن دیں تاکہ نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا گورننس اور کارکردگی کے لحاظ سے پورے پاکستان میں بہترین پوزیشن پر ہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلیٰ محمود خان کی سنجیدگی اور ٹاسک کو بروقت مکمل کرنے کی وجہ سے ہے۔ ان کی قیادت میں نہ صرف پشاور میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں بلکہ دیگر اضلاع میں بھی ترقی کے جال بچھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود محکمہ بلدیات کے پراجیکٹ میں دلچسپی لیتے ہیں کیونکہ یہاں سے عوام کو بنیادی سہولیات و خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ بلدیات معتصم باللہ اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید رحمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔











