گرین ملتان ڈویژن مہم کے دوران قد آور پودے لگائے جائیں گے؛ڈپٹی کمشنر عامرخٹک

131

ملتان، 13ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے کہا ہے کہ گرین ملتان ڈویژن مہم کمشنر جاوید اخترمحمود کا انتہائی احسن فیصلہ ہے،شجر کاری مہم کے دوران قد آور پودے لگائے جائیں گے۔

گرین ملتان ڈویژن مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے کہا کہ شجرکاری کے لئے شاہراہوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے، گرین ملتان مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہاوسنگ سوسائٹیز اور بلڈرز سمیت طلباو طالبات،سرکاری ملازمین اور ٹائیگر فورس کی مدد بھی  لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران ضلع ملتان میں ریکارڈ پودے لگائے گئے ہیں،

شجرکاری کے حوالے سے پی ایچ اے کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹن بلین ٹری سونامی وزیر اعظم عمران خان کا  ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، اس مہم کو کامیاب بنانے سے پاکستان کا ماحول اور آب و ہوا بدل جائے گی۔انہوں  نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں درختوں کی کمی ہے،شجر کاری نہ ہونے سے وقت گزرنے کے ساتھ  زرخیز زمینیں بنجر ہو جاتی ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے ڈیہڑ چوک پر پودا بھی لگایا،  اے ڈی سیز رانا اخلاق احمد خان، ہدایت اللہ خان، سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان، چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ڈی جی  پی ایچ اے بھی موجود تھے۔