ملتان21،ستمبر(اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ نے سموگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر انسداد سموگ کمیٹیاں تشکیل دے دیں ہیں اور ان انسداد سموگ کمیٹیوں کو ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں ہیں۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد طیب خان نے کمیٹیوں کے ممبران سے خطاب کیا جس میں26 سے زائد محکموں کے افسران موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر آبگینے خان بھی اجلاس میں موجود تھیں۔محمد طیب خان نے کہا کہ حکومت کی سموگ پالیسی پر سو فیصد عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے دھواں چھوڑنے والی صنعتوں اور گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ کھیتوں میں فصلوں اور پارکوں میں گھاس اور درختوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔محکمہ ریونیو،جنگلات،زراعت اور پی ایچ اے پابندی پر عملدرآمد کرائیں گے،حکومت کی ہدایت ملنے پر سموگ کا باعث بننے والے پرانی طرز کے بھٹوں کو بند کرادیا جائے گا،صرف زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ تھانے کی پولیس کارروائی کرے گی۔ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوڑا جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے،سڑکوں پر اڑنے والی دھول مٹی کے خاتمہ کے لئے پانی کے چھڑکاﺅ یقینی بنایا جائے۔سموگ کے نقصانات بارے عوام کو آگاہی دینے کے لئے واک کا اہتمام کیا جائے۔سی ای او ایجوکیشن ریاض خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات بھی اجلاس میں موجود تھے۔