جدہ(سعودی عرب)، 22 ستمبر (اے پی پی ): سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے بڑے پیمانے پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے ۔جدہ میں خوبصورت ائر شو منعقد کیا گیا جس کا ہزاروں لوگوں نے ساحل سمندر پر نظارہ کیا،یہ ائر شو دو دن مزید جاری رہے گا۔
سعودی انٹر ٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سعودی لیڈر شپ کی تصاویر کی نمائش بھی ہوئی،جسکا معائنہ پاکستان کے قونصل پریس حمزہ گیلانی نے کیا ۔
سعودی عرب کے ساحلی شہری جدہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کی مناسبت سے پاکستانی نوجوان یحییٰ اشفاق کی قیادت میں عمر جان، حسن بخش اور سعودی شہریوں بندر رجب اور علاء الرشیدی نے سمندر کی گہرائی میں اتر کر سعودی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی،سعودی عرب کا قومی پرچم لہرایا اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی تصاویر کو بھی اجاگر کیا ۔انہوں نے سمندر کی تہہ میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
منفرد انداز کے ساتھ یوم الوطنی کی شروعات کرنے کے حوالے سے ٹیم لیڈر یحییٰ اشفاق نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے جہاں پاکستان کےقومی دن کو منانے کے لئے سمندر کی تہہ میں اترتے ہیں تو سعودی شہری پاکستان سے دوستی اور محبت کا اظہار کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دیتے ہیں بلکل اسی طرح ہم بھی سعودی شہریوں کے ہمراہ یوم الوطنی کے موقعہ پر سمندر میں سعودیہ کا قومی پرچم لہراتے ہیں۔
سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کے حوالے سےسعودی انٹرٹینمنٹ کی مشیر نوشین وسیم نے بتایا کہ 22 اور 23 کو تمام شہروں میں شاندار آتش بازی کے مظاہرے ہونگے ،ریاض اور جدہ میں تین روز تک موسیقی کے پروگرام ہونگے ۔