صوبائی حکومت غربت اور بیروزگاری کے خاتمے اور سود سے پاک معاشرے کا قیام چاہتی ہے:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

152

کوئٹہ 22ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے ذریعہ روزگار اور چھوٹے کاروبار کی سہولت کی فراہمی، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے اور سود سے پاک معاشرے کا قیام چاہتی ہے جس سے چھوٹی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا انہوں نے یہ بات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ نے نئے مالی سال کے سماجی ومعاشی ترقی کے منصوبوں سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کووڈ۔19کے دوران وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں تمہیں روپے کی لاگت سے ایمرجنسی لون اسکیم متعارف کرائی گئی جس پر اخوت فانڈیشن کے اشتراک سے عملدرآمد جاری ہے، اس اسکیم کے تحت اب تک 14765افراد کو بلاسود قرضے فراہم کئے گئے ہیں اور تاحال اس پروگرام پر 295ملین روپے خرچ ہوئے یہ پروگرام ہر قسم کی سیاسی یا انتظامی مداخلت سے پاک ہے جس سے اس پروگرام کی افادیت اور اس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا، پروگرام کے تحت دیئے گئے قرضوں کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے جس کی شرح 95فیصد ہےاجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2020-21ءکے دوران وزیراعلیٰ بلاسود قرضہ اسکیم کے لئے بھی 2ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا جس سے وہ چھوٹے پیمانے پر اپنا کاروبار شروع کرسکیں گےاور ہنرپروگرام کے فروغ کے لئے اضلاع کی سطح پر ٹریننگ مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ ہائی اسکولوں میں بھی فنی تربیت کا شعبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بچیوں کی شرح تعلیم میں اضافہ کے لئے اسکولوں میں زیر تعلیم بچیوں کو ماہانہ پانچ سو روپے وظیفہ کی فراہمی کی اسکیم کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا جس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار اور سیکریٹری محنت وافرادی قوت سائرہ عطاءنے شرکت کی۔