پشاور، 24ستمبر(اے پی پی): انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن پاکستان کی سربراہ انگرڈ کرسٹنسن نے آج پشاور آمد پر وزیر محنت شوکت یوسفزئی سے اہم ملاقات کی اور مھمند ماربل مائنز سانحہ پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثہ کو بہت بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن خیبرپختونخوا عوام کے دکھ میں برابر شریک ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بروقت مالی امداد کی۔
شوکت یوسفزئی نے انگرڈ کرسٹنسن کو بتایا کہ مھمند ماربل مائنز جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں اور جلد ہی حکومت خیبر پختونخواہ ورکرز کی تربیت اور آگاہی کے لئے لیے ائی ایل او کے تجربے سے استفادہ کرے گی۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں مزدوروں کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جا رہا ہے کیونکہ آجر و اجیر دونوں معاشی ترقی کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔











