صوبائی مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن کا محکمہ خوراک کے ٹیم کے ہمراہ ضلع پشاور اور چارسدہ کے نو فلور ملز کا اچانک معائنہ  

93

پشاور، 24ستمبر(اے پی پی):  صوبے میں عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مشیر وزیر اعلیٰ برائے محکمہ خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کے ہمراہ ضلع نوشہرہ اور چارسدہ کے نو فلور ملز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے پشاور کے عابد فلور ملز، صادق فلور ملز، چارسدہ کے کامران فلور ملز، عالم فلور ملز،مشترکہ سرحد پنجاب فلور ملز، چارسدہ فلور ملز، ہشت نغر فلور ملز، مدینہ فلور ملز اور لاثانی فلور ملز کا اچانک دورہ کیا۔

 انہوں نے ملز میں سرکاری گندم کی فراہمی اورڈیلرز کو آٹے کی فراہمی کے ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اور موقع پر ہر مل سے فون پر ڈیلرز سے کوٹے کی فراہمی اور آٹے کے بارے میں تفصیلات معلوم کی۔

 انہوں نے موقع پر تمام ملز کے آٹے کے نمونے کی جانچ کی اور آٹے میں نمی کی مقدار کی زیادتی اور مقرر کردہ معیار کے مطابق نہ ہونے پر محکمہ خوراک کے مجاز حکام نے موقع پر پشاور کے ایک فلور ملز اور چارسدہ کے چار فلور ملزکے سرکاری آٹے کا کوٹہ منسوخ کردیا۔

 اس موقع پر مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام کو سرکاری آٹے کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل برائے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران دفاتر سے نکل کر اس سخت وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ہر وقت مارکیٹ میں رہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملز مالکان باقاعدہ ڈیلرز کا ڈیٹا مرتب کرکے رکھا کریں تاکہ موقع پر اس کی چیکنگ ہو سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی بھی شکایت براہ راست مشیر خوراک کو کریں۔

محکمہ خوراک میں جلد شکایات سنٹر قائم کیا جرہا ہے جو ہر قسم کی شکایات کے ازالے کے لئے بروقت انتظامات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری آٹے کی شفاف ڈسٹڑی بیوشن کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے ثمرات سے صارفین مستفید ہو سکیں گے۔ مشیر خوراک نے چارسدہ کے دور دراز دیہات میں جاکر ڈیلرزکے پاس آٹے کی فراہمی اور ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔