کوئٹہ 24ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت بلو چستان انسٹیٹیوٹ آف نیفرالوجی اینڈیورالوجی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا- اجلاس میں انسٹیٹیوٹ کے سی ای او ڈاکٹر کریم زرکون نے اجلاس کو انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دیتے ہوئے آگا ہ کیا کہ انسٹیٹیوٹ کو فاطمید فا نڈیشن کی معاونت و اشتراک حاصل ہے، انسٹیٹیوٹ میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے اور اب تک بلا معاوضہ 38 ٹرانسپلانٹ آپریشن کئے گئے ہیں جو تمام کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے آگاہ کیا کہ انسٹیٹیوٹ میں 4 بستروں پر مشتمل کڈنی ٹرانسپلانٹ آئی سی یو قائم کیا گیا ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو صحت کے ایسے ہی اداروں کی ضرورت ہے جو عوام کو علاج و معالجہ کی جدید اور ارزاں سہولیات فراہم کر سکیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے غریب عوام مہنگا علاج برداشت نہیں کرسکتے تاہم نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں صحیح تشخیص کے فقدان کے باعث عوام کو طویل علاج اور اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں وزیراعلیٰ نے صحت کے اداروں میں تحقیق و ریسرچ کے ذریعہ تشخیص کے عمل کو کامل بنانے کی ضرورت پر زور دیا اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی، سیکریٹری صحت دوستین جمالدینی ڈی جی صحت نے شرکت کی۔











