شیخ رشید نے نواز شریف سے 10 سوالات کے جواب مانگ لئے، شیخ رشید احمد کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس

128

لاہور۔26ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے 10 سوالات کے جواب مانگ لئے‘ شیخ رشید احمد کی طرف سے نواز شریف سے سوال کیا گیا ہے کہ اسامہ بن لادن سے انہوں نے کتنی ملاقاتیں کیں اور کتنے پیسے چندہ کی مد میں وصول کئے‘ اجمل قصاب کے گھر کا پتہ رائٹرز نیوز ایجنسی کو کس نے دیا‘ دشمن ملک کے سربراہ مودی کو رائے ونڈ بلا کر کیا باتیں کیں‘ بیرون ملک مودی کو ٹیلی فون کرنے کا اختیارکس نے دیا‘ لاہور سے حملہ آوروں کی بسیں اسلام آباد لے جا کر چیف جسٹس سجاد شاہ کی موجودگی میں سپریم کورٹ آف پاکستان پر کس نے یلغار کی‘ بیماری کا بہانہ بنا کر عدالتوں کے فیصلوں سے فرار کون ہوا‘ ڈان لیکس کے پیچھے کون تھا‘ آج اعتراف کرلیا تو پہلے انکار کیوں کیا تھا‘ 2013ءکے الیکشن میں کتنا خرچ ہوا‘ قطر سے بذریعہ سیف الرحمن چندے کی کتنی رقم منگوائی گئی‘ کیا نیب پر پتھراﺅ کی منصوبہ بندی آپ کی ہدایت پر لندن سے نہیں ہوئی تھی‘ سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی کردار کشی کیلئے پیٹر گلبرتھ کے جعلی دستخط سے حسین حقانی کے ذریعے خط کس نے جاری کروایا‘ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ کل سوموار تک انہیں ان سوالات کے جوابات مل جائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کسی قیمت پر استعفےٰ نہیں دیگی‘ ن لیگ میں سے جو بھی استعفیٰ دیگا وہاں دوبارہ الیکشن ہو گا‘ 31 دسمبر یا جنوری تک اپوزیشن کا انجام سب کے سامنے آ جائیگا‘ اس بات کا شک پڑ رہا ہے کہ (ن) اور (ش) میں سے کوئی (ط)لیگ نہ نکل آئے۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاک فوج کا جانبازاور سینئر سیاستدان ہوںکوئی مجھے مشورہ نہیں دیتا بلکہ میں سب کو ایڈوائس کرتا ہوں‘ کسی شخص نے میری حالیہ باتوں کو غلط نہیں کہا‘ کسی کا بھی آرمی چیف سے ملنا اعزاز کی بات ہے لیکن چھوٹے قد کے بزدل لوگ ملاقات کے بعد شرما رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ قابل احترام ہیں۔ جہانگیر ترین کے کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ انسان سے کیس مرتے دم تک ختم نہیں ہوتا جب تک اس کیس کا ٹرائل نہ ہو‘جب اتنے لوگ مفرور ہو کر بھاگے ہوئے ہیں تو جہانگیر ترین کا نام بھی ان میں شامل ہو جائیگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اے پی سی والے جہاں جلسہ کرینگے اسی جگہ پر بعد میں میں جلسہ کروں گا اور قوم کو ان کی اصلیت کے بارے میں بتاﺅں گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ آسمان سے اترے ہوئے لوگ نہیں جو پروپیگنڈا کرتے قوم کو تقسیم کر رہے ہیں‘ عوام کو کہتا ہوں کہ وہ فوج کیخلاف باتیں کرنے والوں سے سختی سے پیش آئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آٹا‘ چینی سمیت 11 چیزیں مہنگی ہیں لیکن گندم، چینی کے جہاز لگے ہوئے ہیں اور عوام کو آٹا، چینی پر سبسڈی دلواﺅں گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ٹرینوں کا 15 اکتوبر سے ٹائم ٹیبل بحال کیا جارہا ہے جبکہ 20 اکتوبر سے فریٹ لائن بھی لاہور میں آن لائن بکنگ شروع ہو گی اور جو ریلوے کا ملازم کرپشن میں ملوث ہوا اسے نوکری سے فارغ کرکے ہتھکڑی لگا کر جیل بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی حاضری کیلئے شناخت سسٹم لگانے کا ٹینڈر جلد ہو جائیگا تاکہ جو ملازم کام کرتا ہے اسے تنخواہ ملے اور اس سے مفت کی تنخواہ لینے والوں کی چھٹی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کو ملک بھر میں ریلوے کی اراضی پر واٹر پلانٹ لگانے کی اجازت دیدی ہے۔