ملتان،28 ستمبر ( اےپی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ زکریا ٹاؤن کے قریب تعمیر ہونے والا نیا ڈسپوزل اسٹیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کے مکمل ہونے سے شہری آبادیوں کو نکاسی آب کے دیرنیہ مسائل سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیا ڈسپوزل اسٹیشن واسا کے ماسٹر پلان میں ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس منصوبے کے قیام کے دوران ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور اعلی معیار کو یقینی بنانے کابھی حکم دیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز زکریاٹاؤن بھبھکا چوک کے قریب نئے تعمیر ہونے والے ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر کے کاموں کا اچانک معائنہ اور ہاشمی کالونی میں نکاسی آب کی شکایت پر موقع کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ایم ڈی واسا کو اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے ڈسپوزل اسٹیشن کے قیام کے لیے 7کنال اراضی ایکوائر کی گئی ہے 22 کیوسک کے ڈسپوزل سٹیشن کی تخمینہ لاگت 19 کروڑ روپے سے زائد ہے انہیں بتایا گیاکہ اس منصوبے پر کام شروع ہوتے ہی اراضی کے حوالے سے معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے منصوبہ التوا کا شکار رہا تاہم اب اس منصوبے پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے اس دوران مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے زکریاٹاؤن فیز ون،ٹو اور تھری،احمد آباد،رضا آباد،اسلام پورہ، چاہ تالاب والا،بستی شریف پورہ، چاہ حفیظ والا اور نیو شالیمار کالونی میں نکاسی آب کے مسائل حل ہونگے قبل ازیں ایم ڈی واسا نے غازی آباد کے قریب ہاشمی کالونی میں نکاسی آب کی شکایت پر موقع کا دورہ کیا سیوریج نارتھ ڈویژن کے افسران کو موقع پر طلب کر کے فوری ریلیف کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور کراؤن فیلیئر کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔











