پشاور، خطے کے لئے قبائلی عوام کی قربانیوں کے معترف ہیں اور قبائلی عوام کو درپیش مشکلات کا بھرپوراحساس رکھتے ہیں: محمود خان

109

پشاور،30 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ضلع مہمند کے قبائلی عمائدین نے آج یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور ضلع مہمند میں جاری ترقیاتی عمل اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے قبائلی عمائدین کے وفد کو بتایا کہ ضم اضلاع کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے،اسلئے قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے رفتہ رفتہ پورے کئے جارہے ہیں اور اسی مقصد کیلئے ہزاروں کی تعداد میں خاصہ دار اور لیویز کو باقاعدہ پولیس میں ضم کیاگیا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ کسی بھی خطے یا علاقے میں نظام کی تبدیلی کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہمت اور حوصلے کے ساتھ مشکل سے مشکل ہدف بھی پورا کیا جا سکتا ہے، نئے اضلاع تک نظام کی توسیع اس امر کا عملی ثبوت ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اصلاحاتی عمل میں قبائل کی خواہشات و توقعات کا خیال رکھا گیا ہے، آئندہ بھی قبائلی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔