کوئٹہ 30 ستمبر (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں محکمہ حیوانات وڈیری ڈویلپمنٹ کی ترقیاتی اسکیمات پر پیشرفت، پولٹری ولائیو اسٹاک اور ماڈل کیٹل فارم کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو سیکریٹری لائیو اسٹاک نے محکمے کی مجموعی صورتحال، مقاصد، مستقبل کے لائحہ عمل، ترقیاتی اسکیمات پر پیشرفت، صوبے کی لائیواسٹاک کے حوالے سے صلاحیت، ڈیری ڈویلپمنٹ، پولٹری، لائیواسٹاک کا صوبے کی معیشت میں کردار، لائیو اسٹاک کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ موڈ کے تحت سرمایہ کاری اور اس سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے بریفنگ دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2020-21ءکے ترقیاتی پروگرام میں محکمے کی جاری، نئی اور وفاق کے اشتراک سے ملنے والی دواسکیمات سمیت کل 34ترقیاتی منصوبے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بھیڑوں، بھینسوں، گائے اور اونٹوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے کہا کہ قدرتی چراہ گاہوں کی حفاظت بھی اس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے، صوبے کے وہ علاقے جہاں چراہ گاہیں موجود ہیں وہاں لائیواسٹاک کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا میں نامیاتی گوشت کی بہت بڑی مارکیٹ ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے صوبے کی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتاہے اور بڑی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے گوشت اور لائیواسٹاک کی دیگر مصنوعات کو برآمد کیا جاسکتا ہے۔ نے کہا کہ صوبے کی 70فیصد آبادی لائیواسٹاک اور زراعت سے وابستہ ہے اس شعبے میں بہتری سے مجموعی طور پر صوبے کی معیشت میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔











