وزیر خارجہ سے دربارعالیہ کوٹ مٹھن شریف کے خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کی ملاقات

162

 

اسلام آباد،01 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے دربارعالیہ کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ  نے   جمعرات کو  یہاں   وزارتِ خارجہ  میں  ملاقات کی ،ملاقات میں اتحاد بین المسلمین، مذہبی ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ہتک آمیز رویے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں میں ایک اضطراب اور بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار کی ہندوتوا سوچ نے گاندھی اور نہرو  کے سیکولر بھارت کو مکمّل طور پر دفن کر دیا ہے جبکہ  امن دشمن قوتیں، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت، فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ واریت کے اس عفریت کو کچلنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے علماء اور مشائخ کا کردار ناگزیر ہے ۔

خواجہ معین الدین کوریجہ نے مغرب میں بالخصوص اور باقی دنیا میں بالعموم اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔