گلگت بلتستان انتخابات  کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں: چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز

156

 

گلگت،02 اکتوبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو صاف،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد میری اولین ترجیح ہے ۔اورا س سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ بدھ کے روز الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی  جانب سے تیسری اے پی سے طلب کی گئی تھی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے انتخابات کو صاف،شفاف اور غیر جانبدار بنانے، انتخابات کےلئے ضابطہ اخلاق اور اس  دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے مشاورت کی گئی، جس بارے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج یعنی بروز جمعہ سے انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہوگا ،جس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں پر لازمی ہے کہ وہ من وعن اس پر عملدرآمد کریں۔

انہوں  نے کہا ہے انتخابات کے دوران  جس جگہ پر  پاکستان آرمی کی  ضرورت پڑتی تو تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سیکیورٹی کے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔