احمدپورشرقیہ، 06 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مظفر خاں سیال کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
ڈپٹی کمشنر نے صوبہ بھر میں پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاول پور کی 98 فی صد سکور کے ساتھ 12ویں پوزیشن آنے پر محکمہ صحت کے افسران و سٹاف کو شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تمام انڈیکیٹرز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی عامر نذیر کھچی، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اورنگزیب، ڈی ایچ او ڈاکتر طارق، فوکل پرسن ڈاکٹر راؤ محمد ذاکر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، رورل ہیلتھ مراکز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر مراکز صحت کے انچارج موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری سو فیصد یقینی بنائی جائے اور لوگوں کو عالج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مراکز صحت اور دیگر ہیلتھ سنٹرز میں ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور علاج کے لئے آنے والے افراد کو بہتر ہیلتھ فیسلٹی دی جائیں۔انہوں نے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تمام انڈیکیٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کارکردی میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اورنگزیب نے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔











