کوئٹہ 06 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔جلاس میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق فوڈ ٹیسٹنگ کے طریقہ کار کو سہل بنانے اور عوام کو غذائیت سے بھرپور خوراک مہیا کرنے کے حوالے سے بلوچستان فوڈاتھارٹی کو کوئٹہ اور خضدار میں فوڈ ٹیسٹنگ کے لئے موبائل لیب کے قیام کی منظوری دے دی گئی، کابینہ نے بلوچستان میں خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی، صوبائی سطح پر خواتین کے کردار کو اجاگر کرنے، انہیں سیاسی نمائندگی دینے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے بلوچستان صنفی مساوات اور وویمن امپاورمنٹ پالیسی 2020-24ءکی منظوری بھی دے دی۔صوبائی کابینہ نے سابقہ صوبائی ایڈمنسٹریٹرڈ بلوچستان کنٹینیوایشن آف لاز برائے قبائلی علاقہ جات بل 2020ءکے ڈرافٹ کی بھی منظوری دے دی جس میں بلوچستا ن کے قبائلی علاقہ جات میں لاگو ہونے والے قوانین کو ان کی حالت میں برقرار رکھنے کا فیصلے کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے اسلام آباد میں بلوچستان کے رہائشی سرکاری ملازمین کے لئے رہائشی سہولیات فراہمی محکمہ کے پیرامیڈیکس کے 2سے 14گریڈ والے ملازمین کے لئے پروفیشنل الاؤنس اور 1سے 4گریڈ والے ملازمین کے لئے رسک الانس اور جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ(ریوائزڈ پالیسی) 2020ءکی منظوری کی منظوری بھی دے دی۔ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں صوبے کی انتظامی اور مالی امور کو ایک درست سمت دینی ہے، ایک ایسے میکنزم اور لائحہ عمل کو ترتیب دینا ہے جس سے مجموعی طور پر ایک بہتر تبدیلی آئے اور عوام بھی حکومت کے احسن اقدامات کے ثمرات سے استفادہ کرے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور تمام شعبوں میں ہونے والے دیگر مثبت اقدامات کی بھرپور تشہیر کی ہوسکے اور صوبے کی عوام کو حکومت کے ترقیاتی وژن سے متعلق موثر آگاہی فراہم ہوسکے، انہوں نے کہا کہ اراکین کابینہ بھی اس حوالے سے بلوچستان کے تعمیری عکس کو نمایاں کرنے کے لئے عملی طور پر اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لائے تاکہ سرکاری سطح پر عوام کو حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے ثمرات مل سکیں۔











