لاہور،09 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والے اپنے دور میں کی گئی کرپشن اور لوٹ مار سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ذاتی مفاد کا قومی مفادات پر غالب آنا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کو فراموش کئے رکھا ہے،پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کس مقصد کیلئے اکٹھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ احتساب ہمارا قومی مشن ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ترقی کے عمل میں عوامی نمائندو ں کی مشاورت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔
ملاقات میں خیال احمد کاسترو، عمر فاروق، شہباز احمد، نزیر احمد چوہان اور ملک تیمور شامل تھے۔