اسلام آباد، 09 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن سنٹر( این ٹی سی) کا دورہ کیا ،دورے کا مقصد احساس ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ این ٹی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر بریگیڈیئر وقار راشید نے ڈاکٹر ثانیہ کو این ٹی سی کی کارکردگی اور کامیابیوں کے متعلق آگاہ کیا۔
ڈاکٹر ثانیہ نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن سنٹر میں قائم نیشنل ڈیٹا سنٹر کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے این ٹی سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ احساس پروگرام غریب افراد کیلئے پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہے، احساس ڈیجیٹل سوشل ایکوسسٹم کے طرف تیزی سے گامزن ہے تاکہ مستحق لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے غربت کی تخفیف کے عمل کی شفافیت اور افادیت کو بہتر کیا ہے۔
معاون خصوصی نے احساس منسٹری کیلئے این ٹی سی کے سپورٹ کو بھی سراہا۔