شجاع آباد: پاکستان سمیت دنیا بھرمیں  ڈاک کا عالمی دن منایا گیا

105

شجاع آباد، (ملتان) 09اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ڈاک کا عالمی دن منایا گیا ،جس کا مقصد محکمہ ڈاک کی اہمیت اور اسکی کارکردگی کو اجاگر کرنا ہے ۔ڈاک ٹکٹوں اور یادگاری ٹکٹوں کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے ،ڈاک کے نظام کو عوامی خدمت کے قدیم ترین اداروں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ڈاک کا نظام انتہائی قدیم ہے 9اکتوبر1874ء کو عالمی سطح پر یونیورسل پوسٹل یونین کا قیام عمل میں آیا اس یونین میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی191ممالک شامل ہیں۔

وقت گزرنے کے ساتھ ہی اگرچہ جدید ٹیکنالوجی انٹر نیٹ ،کمپیوٹر اور موبائل وغیرہ نے زندگی کو تیز تر کر دیا ہے لیکن کل بھی ڈاک کا نظام دنیا بھر میں رائج ہے اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ڈاک کا نظام دنیا بھر کی معاشی ترقی و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے اور عوام کو خطوط کے ذریعے آپس میں ملانے کے حوالے سے موثر کردار ادا کر تا رہا ہے، جس کی افادیت کو برقرار رکھنے کے لئے دنیا میں پہلا پو سٹ کا عالمی دن 9 اکتو بر 1980 کو منایا گیا تھا۔