ملتان 9اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سرکاری دفاتر میں ورکنگ کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور وقت کے ضیاع کا باعث بننے والے بوسیدہ دفتری نظام کو ترک کرنے کا عندیہ دیا ہے۔اپنے آفس کے کمیٹی روم میں 38 سرکاری محکموں کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ دفتری امور نمٹانے کے لئے ای فائلنگ سسٹم اپنایا جائے۔سرکاری دفاتر میں امور کی انجام دہی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی سطح پر ای فائلنگ کا نظام اپنایا گیا ہے،ان کی کوشش ہے کہ ملتان وہ پہلا ضلع ہو جہاں ای فائلنگ کا آغاز کیا جائے،ڈپٹی کمشنر انیوں نے کہا کہ پیپر لیس سسٹم سے وقت کی بچت ہو گی اور عوام کے مسائل جلد حل ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کی طرف سے محکموں کے خلاف مقدمات کی صحیح پیروی نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ افسران سروس ڈیلیوری میں سست روی اور روایتی سہل پسندی کو خیر باد کہہ دیں۔باصلاحیت اور اچھی شہرت رکھنے والے افسران کو مقدمات کی پیروی سونپی جائے۔محکموں کی طرف سے عدالت میں بروقت جواب جمع نہ کرانے کا عمل مقدمات کے میرٹ کو متاثر کرتا ہے،عامر خٹک نے واضح کیا کہ مقدمات کی پیروی کے حوالے سے کسی بھی کوتاہی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی افسر کی کوتاہی کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر یا کمشنر کو عدالت میں جوابدہ ہونا پڑا تو اس افسرکو سرنڈر کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افسران حکام بالا سے خط و کتابت کرتے وقت چین آف کمانڈ پر عمل کریں۔سرکاری دفاتر میں آنیوالے ہر شہریوں کی عزت اور تکریم کی جائے البتہ اگر کوئی شہری کار سرکار میں مداخلت کرے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ، پی ایچ اےاور ایمرجنسی ریسکیو1122 کی کارکردگی کی تعریف کی۔











