میرپورخاص،13 اکتوبر(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کیجانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں رلیف کا کام جاری ہے۔ گزشتہ چار روز میں انہوں نے میرپورخاص، عمرکوٹ کے علاقوں میں متاثرین میں سامان تقسیم کیا۔
حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میرپورخاص سندھڑی کے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، دولت آباد کے سیلاب متاثرین نے حلیم عادل شیخ کے پہنچنے پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نہ امداد دی جارہی ہے اور نہ ہی پانی کی نکاسی کا عمل شروع ہوا ہے۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود کئی علاقے پانی سے ڈوبے ہوئے ہیں، کئی ہزار زرعی زمینیں زیر آب آگئی ہیں جس کی وجہ سے آنے والی گندم کے کاشت بھی نہ ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کو بےیارو مددگار چھوڑ دیا۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے اے پی پی ویب ٹی وی کو بتایا کہ پانی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے کئی ماہ تک پانی ختم ہونے کا امکان نہیں، سندھ حکومت نے پانی نہیں نکلوایا تو آنے والی سیزن میں کئی ہزار ایکڑ زمین غیر آباد ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ گزرنے کے باوجود سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سندھ حکومت کی جانب سے ملنے والا سامان متاثرین تک نہیں پہنچا رہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کا ایریگیشن سسٹم کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوچکا ہے، برسات کے پانی کی نکاسی کے قدرتی راستوں پر قبضے ہوچکے ہیں، پیپلز پارٹی والے اپنی زمینیں بچانے کے لئے غریبوں کی زمینیں اور گوٹھ ڈبو رہے ہیں۔