ملتان، 13 اکتوبر(اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، مختلف کارروائیوں کے دوران سوڈا واٹر،بیکریز، ریسٹورنٹس اور دیگر اشیاۓ خوردنوش کی چیکنگ کی گئی جس دوران6 فوڈ یونٹس سربمہر کر دئیے گئے
اور 240 لٹر سوڈاواٹر،85کلو زائدالمعیاد اشیاء،25 کلو مصالحہ جات تلف جبکہ720 خالی بوتلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ سندھو بیکرز پروڈکشن یونٹ بیکری مصنوعات میں ناقابل سراغ انڈوں کے استعمال،مشینری میں مردہ حشرات کی موجودگی پر سیل کر دی گئی ہے اور لاثانی سنیکس باربی کیو کو خوراک کی تیاری میں باسی گوشت کے استعمال پر سربمہر کردیا گیا ہے جبکہ اشرف سوڈاواٹر،جاوید سوڈاواٹر اور پرویز سوڈاواٹر کو پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے،فلنگ کے لیے دوسرے برانڈز کے استعمال پر سیل کیا گیا ہے ۔
عرفان میمن نے کہا کہ نانا پولٹری شاپ کو گزشتہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور لائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے مزید کہا کہ عوام تک صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عزم ہے۔