پشاور، 14اکتوبر(اے پی پی): بی آر ٹی بس کمپنی کی جانب سے تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی جسکے مطابق گزشتہ ماہ بس کمپنی کی سفارش اور مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا جسکا مقصد بس کمپنی کی جانب سے تمام بسوں کی مکمل جانچ پڑتال کر کے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا تھا۔
ترجمان بی آر ٹی پشاور محمد عمیر کیجانب سے رپورٹ کے بارے میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی بس کمپنی ماہرین کی جانب سے تحقیقاتی رپورٹ میں بسوں میں آگ لگنے کی وجوہات بیان کی گئیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بسوں میں کرنٹ کی غیر معمولی ترسیل کی وجہ سے کاپیسٹر کی کارکردگی متاثر ہوئی جو شارٹ سرکٹ کا باعث بنی اور بس میں آگ بھڑک اٹھی۔
بس کمپنی ماہرین کی جانب سے ان تمام مسائل کا دیرپا حل تلاش کرلیا گیا ہے جو مقامی بیرونی حالات کے پیش نظر اگلے 12سال تک کارآمد ہوگا۔ کمپنی ماہرین کی جانب سے بسوں میں نصب موٹر کنڑولرز کو اپڈیٹ اور تبدیل کیا جارہا ہے اور بسوں کے درجہ حرارت کو مناسب طور پر برقرار رکھنے اور بسوں کی وائرنگ کو مزید موئثر بنانے کے حوالے سے بھی ہنگامی سطح پر خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تمام بسیں اور انکے آلات وارنٹی میں ہیں۔ بسوں کے آلات کی مرمت، اپدیٹینگ سمیت تبدیلی کا خرچ بس کمپنی خود برداشت کر رہی ہے۔بس کمپنی کی سفارش پر بی آر ٹی سروس کو 25اکتوبر تک بحال کردیا جائے گا۔