سکھر،14اکتوبر(اے پی پی ):بزرگوں کے عالمی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ سماجی بہبود، سول سوسائٹی ، سماجی تنظیموں ، وکلاء، صحافیوں ، شہریوں کی جانب سے یوسی 13 کے دفتر انور پراچا اسپتال تا پریس کلب سکھر تک آگاہی واک کا اہتمام کیاگیا،واک کی قیادت ڈائریکٹر غلام رضا پٹھان، نصیر حسین شاہ ، طفیل شیخ، سابق چیئرمین یوسی مرتضیٰ گھانگھرو،زاہد خاصخیلی، الٰہی بخش میتلوایڈوکیٹ، برکت انصاری ، صبیحہ بھٹو، عبیداللہ بھٹونے کی۔
پریس کلب سکھر پر آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کا بل 2014 کا مقصدبزرگ شہریوں کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لیے ان کے حقوق کا اعتراف، انہیں فلاح و بہبود کی فراہمی یقینی بنانے کی غرض سے مکمل بہتری کی بھرپور حمایت فراہم کرنا اور معاشرے کے امور میں شرکت کرنا ہے کیونکہ بزرگ شہری معاشرے کا لازمی جزو ہیں،انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق بزرگ شہری کونسل اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سینئر سٹیزن ویلفیئر ایکٹ 2014 کے تحت 60 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگان کو جسمانی، ذہنی، روحانی، سماجی اور معاشی حوالے سے سہولیات فراہم کرنااور ان کو بزرگ شہری کارڈجاری کرنا مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اور ملکی سطح پر غیر سرکاری تنظیموں سے رابطہ کونسل کے اصولوں میں شامل ہے۔ سینئر سٹیزن ویلفیئر ایکٹ 2014 کے تحت بزرگوں کے لیے گھروں کا قیام، علاج معالجے کی فراہمی،ٹرانسپورٹ، اسپتالوں میں داخلے، ادویات اور دیگر طبی سہولیات، مخصوص حالات سے بچنے کے لیے جائیداد کی منتقلی، بہبود فنڈسمیت ان کے تحفظ جیسے نکات پر عمل درآمد ہوگا جبکہ قانون کے مطابق کونسل کی جانب سے جاری کارڈ کا احترام لازمی ہوگا بصورت دیگر سخت قانونی جرمانہ و سزا ہوگی۔