حافظ  آباد ؛جانباز فورس کے پہلے دستے نے اپنی 42روزہ ٹریننگ مکمل کر لی

98

حافظ  آباد ، 14 اکتوبر (اے پی پی ): پاک فوج کے زیر اہتمام جانباز فورس کے 66رکنی دستے نے اپنی ٹریننگ مکمل کر لی، ٹریننگ حاصل کرنے والے اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی ،کمانڈر ہیڈ کواٹر نیشنل گارڈ برگیڈئیر سید محمد وسیم الحق نے پریڈ کا معائنہ کیا اور  جانباز فورس کے چاق و چوبند دستوں نے اپنے روایتی انداز میں سلامی پیش کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عدنان ارشاد چیمہ،کمانڈنگ آفیسر لیفٹنینٹ کرنل عبدالروف نثار،کمانڈنگ آفیسر جانباز فورس میجر امتیاز سلیم سمیت پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور جانباز فورس کے اہل خانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی-

تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کمانڈر ہیڈ کواٹر نیشنل گارڈ برگیڈئیر سید محمد وسیم الحق کا کہنا تھا کہ جانباز فورس کے ہر اہلکار کو ثابت کرنا ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ منظم، با ہمت اور ہر شعبہ میں رہ کر ملک و ملت کی خدمت کر سکتا ہے، پاکستان کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہےہمیں متحد ہو کر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانا ہے-

 پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر بچوں نے خوبصورت انداز میں مارشل آرٹ کا بھی مظاہر ہ کیا۔دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جانباز فورس کے جوانوں میں شیلڈ اور اعزازی سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے تجربہ کارافسران کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والے جانباز فورس کے اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔