پشاور، 14اکتوبر(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آ ف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ جدید پیشہ ورانہ تربیت بہترین پولیسنگ اور عوام کی بہتر خدمت کے اہداف کے حصول کے لیے ضمانت فراہم کرتی ہے اور زیر تربیت جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو ہر قسم کی تربیت سے آراستہ کرکے مظلوم اور بے بس لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع باجوڑ کے دورہ کے موقع پر باجوڑ ٹریننگ سنٹر میں زیر تربیت سابقہ لیویز اور خاصہ دار پولیس اہلکاروں سے خطاب کے دوران کیا۔
باجوڑ پولیس ٹریننگ سنٹر پہنچنے پر ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ محمد اعجاز خان، لیفٹیننٹ کرنل عثمان، میجر ثقلین، ڈی سی باجوڑ فیاض شیرپاﺅ، ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شہزادہ کوکب فاروق اور دیگر اعلیٰ حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میجر ثقلین نے آئی جی پی کو ٹریننگ سنٹر میں لیویز اورخا صہ دار وں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی پی کو بتایا گیا کہ 250 اہلکاروں پر مشتمل سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کا پہلا دستہ تین مہینے پر مشتمل تربیت حاصل کررہا ہے۔ آئی جی پی نے زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے تربیت کے حصول کے عمل کا معائنہ کیااور جوانوں کے جوڈو کراٹے، ڈرل اور جدید اسلحہ کے استعمال کے عملی مظاہرے دیکھے۔
آئی جی پی نے اپنے خطا ب میں معیاری ٹریننگ اور بہترین تعاون پر پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردوں کو شکست فاش دے کر امن قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام ملکی مفاد میں کیا گیا ہے، جس سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور اس کے ثمرات سے یہاں کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں انضمام سے ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو دیگر پولیس کے برابر تنخواہیں، شہداءپیکج، ترقی کے مساوی مواقع اور ویلفیئر کی تمام مراعات حاصل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ سے ان ناصرف ان کی ترقی وابستہ ہے بلکہ پیشہ ورانہ پولیسنگ سے عوام کو بہترین خدمت اور بروقت انصاف فراہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو مثالی پولیس فورس بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
بعد ازاں آئی جی پی پولیس لائن باجوڑ پہنچے، جہاں باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور شہداءکے بلند درجات کے لیے دعا مانگی۔ انہوں نے پولیس لائن باجوڑ میں پودا بھی لگایا۔ آئی جی پی نے بہترین کارکردگی کے حامل افسروں و جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔
باجوڑ دورے کے موقع پر ڈی پی اور باجوڑ نے آئی جی پی کو باجوڑ میں امن و آمان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت دی کہ آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر خطے میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے اور عوام کی اُمنگوں کے مطابق عوامی پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے۔
بعد ازاں آئی جی پی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا کو روایتی ٹوپی اور چادر پہنائی گئی اور سوینئر پیش کئے گئے۔











