اپوزیشن اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتی ہے ،حکومت انکے جلسوں سے خوف زدہ نہیں؛ سینٹر شبلی فراز

72

پشاور،19اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتی ہے،2018کے الیکشن میں عوام نے ان عناصر کو مسترد کیا،حکومت اپوزیشن کی جلسوں سے خوف زدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے،ماضی میں اداروں کو کمزور اور ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کی سیاست ہوئی۔

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے  اپوزیشن کے جلسوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ  سب کاروباری لوگ تھے ، انہوں نے اپنی سہولت کے مطابق نظام کو چلایا، اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی پر بھی حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سوالوں کے جواب دینے کے بجائے چوری کیساتھ سینہ زوری بھی کرتے ہیں اور اب اپوزیشن ایک ناکام شو کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ2018کے انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کی الیکشن پٹیشنز ن لیگ سے زیادہ تھیں۔

سینٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی  مذمت کی اور کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ کر کے باہر گئے ہیں، نواز شریف کی واپسی کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ فضل الرحمان طویل عرصے تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے،بتائیں کہ اس کاز کیلئے انہوں نے کیا کیا؟انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہیں، حکومتی اقدامات سے معیشت کو استحکام ملا اور اقتصادی اشاریے بہتر ہوئے،ترسیلات زر اور برآمدات میں  بھی اضافہ ہوا جبکہ جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی۔

سی پیک منصوبے پر بات کرتے ہوئے سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔اقتصادی راہداری کسی فرد کا نہیں ، پاکستان کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ہفتے میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی،حکومت کو عوامی مسائل کا ادراک ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام اور دفاع کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ہیں، جنہیں کھبی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

صحافیوں کو درپیش مشکلات  پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ان مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور  میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔