وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرضلع رحیم  یار خان میں 8 سہولت بازار فعال کر دیئے گئے

88

رحیم یار خان، 19  اکتوبر  (اے پی پی ):عوام کو اشیاء  ضروریہ  ، روزمرہ کے نرخوں میں معاشی ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا قدام،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرضلع بھر میں سہولت بازار فعال کر دیئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے  مطابق ضلع رحیم یار خان میں 8سہولت بازار فعال کئے گئے ہیں،چاروں تحصیلوں میں بلترتیب دو سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں۔تحصیل صادق آباد میں عسکری پارک، کچہ صادق آباد روڈ جبکہ تحصیل رحیم یار خان میں مرکزی عید گاہ اور پرانی غلہ منڈی میں سہولت بازار قائم ہیں جبکہ تحصیل خانپور میں واپڈا آفس روڈ اور ظاہر پیرریسٹ ہاؤس جبکہ لیاقت پور میں پارک روڈ اور لیاقت پور روڈ خانبیلہ میں سہولت بازار قائم ہیں۔

سہولت  بازاروں  کے  متعلق  ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے  کہا کہ تمام سہولت بازاروں میں آٹا اور چینی کے سٹالز موجود ہیں  جہاں  چینی 85روپے فی کلو گرام جبکہ آٹا10کلو 430اور20کلوگرام860روپے میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ سہولت بازار وں میں آلو، پیاز، ٹماٹر، انڈے سمیت  دیگرضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، تمام سہولت بازاروں میں اشیاء ضروریہ عام مار کیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے  کہا کہ سہولت بازاروں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بہتر مانیٹرنگ سسٹم وضع کیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں اشیاء صرف کی دستیابی و قیمتوں کو مانیٹر کر رہے ہیں، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ گزشتہ روز مہنگے داموں اشیاء ضروریہ فروخت کرنے پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے1لاکھ23ہزار جرمانہ کیا، ضلعی انتظامیہ صارف کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی۔