گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حق میں ریلی ، سیاسی پارٹیوں،اراکین سول سوسائٹی کی  شرکت

329

 

گلگت،22 اکتوبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حق میں گلگت بلتستان کی تمام سیاسی پارٹیوں،اراکین سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے  ریلی نکالی گئی۔ ریلی ہائی سکول نمبر 1 گلگت سے نکلی  جو شہر کے مختلف مقامات سے گزرتی ہوئی  گلگت پریس کلب کے سامنے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

جلسے سے مقررین نے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے تصفیے تک گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے پر زور دیتے  ہوئے  کہا کہ گلگت بلتستان کو آئینی حق سے محروم رکھنا زیادتی ہے،یہاں کے لوگ ستر سالوں سے حقوق کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،بھارتی حکومت نے یہاں کے باشندوں پر جو ظلم ڈھائے ہیں اسکی پوری دنیا گواہ ہے،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر پر بھارتی تسلط کے خاتمے تک ان کے ساتھ ہیں۔

 مقررین نے  اقوام عالم سے پر زور اپیل کرتے  ہوئےکہا کہ وہ بھارتی ظلم ،جبر کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا،اس مسئلے کے حل تک گلگت بلتستان کے باشندوں کو انکو آ ئینہ اور پیدائشی حق دیا جائے اور اس علاقے کو عبوری آئینی صوبہ بنا کر یہاں کے لوگوں کا جو دیرینہ مطالبہ ہے اسے پورا کیا جائے۔

اس جلسے میں پاکستان تحریک انصاف،پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ ن،اسلامی تحریک،راہ حق پارٹی اور دیگر کئی سیاسی،مزہبی جماعتوں کے اراکینِ،ممبران اور اعلیٰ عہدہ داران نے شرکت کی۔