انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے ٹریفک ہائی ویز کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کردیا

272

پشاور،3 نومبر(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا

جہاں انہوں نے گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور ٹریفک کی روانی کے لیے قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا افتتاح کیا۔

آئی جی پی نے نیشنل ریڈیواینڈ ٹیلی کارپوریشن (NRTC) کے تعاون سے تیار کی گئی 21 ٹریفک ہائی ویز موبائل گاڑیوں (Eye Th Rovinge ) کا معائنہ کیا اور اس میں نصب جدیدPTZ کیمروں اور دیگر جدید آلات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ ان کو ٹریفک اہلکاروں کے لیے فراہم کئے گئے باڈی کیمروں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ آئی جی پی نے اس جدید نظام کی نگرانی کے لیے قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ آئی جی پی کو بتایا گیاکہ صوبے کے تمام ہائی ویز ٹریفک موبائل گاڑیوں کو کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ اور تمام گاڑیوں میں نصب کیمروں اور باڈی کیمروں کی مدد سے ٹریفک اہلکاروں کی تمام کاروائی براہ راست دیکھی جاسکتی ہے اور ان کے ساتھ براہ راست بات بھی کی جاسکتی ہے۔ آئی جی پی کو تمام گاڑیوں اور کنٹرول روم کے درمیان قائم نئے کمیونیکیشن نظام اور نیویگیشن سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔ واضح رہے کہ نیا قائم شدہ ٹریفک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کمیونیکیشن کی جدید سہولیات سے آراستہ اور اس کے قیام کا بنیادی مقصد کسی بھی صورتحال میں متعلقہ ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ فوری رابطہ کرنا، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا اور ٹریفک پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ اس سسٹم کو صوبے کے ضم شدہ اضلاع تک بھی وسعت دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے ضلع خیبر کو کیمروں اور مواصلاتی نظام سے لیس گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے۔

آئی جی پی نے پشاور ٹریفک کی 25 گاڑیوں میں یہ نظام نصب کرنے کے ساتھ ساتھ تمام پولیس اسٹیشنوں کی گاڑیوں میں بھی یہ کیمرے اورمواصلاتی نظام نصب کرنے کا حکم جاری کیا۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ جدید کیمروں اور مواصلاتی نظام کی تنصیب سے نہ صرف سرویلنس اور مانیٹرنگ میں بہتری آئیگی بلکہ صاف و شفاف پولیسنگ اور پولیس اہلکاروں کی احتسابی نظام میں ممدو معاون ثابت ہوگی۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام وستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ(CTD) ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں ان کو انسداد دہشت گردی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔