ملتان ، 06 نومبر (اے پی پی ): ڈی جی نیب ملتان عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے،کرپشن کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کو وائٹ کالر کرائم سے آگاہی دینا بھی نیب کے منشور میں شامل ہے۔
چلڈرن اسپتال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں شفافیت،گورنمنٹ فنڈز کا صحیح استعمال ادویات کی کوالٹی اورخریداری کے حوالے سے آگاہی اس سیمینار کا مقصد ہے۔
ڈی جی نیب ملتان نے کہا سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور طبی آلات کی بوگس خریداری کی شکایات ملتی ہیں، ان جرائم میں ملوث لوگ عوام اور صحت کے شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ایسے تمام عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ ساوتھ پنجاب اجمل بھٹی نے کہا کہ نیب ملتان کا ادویا ت کی خریداری میں شفافیت جیسے اہم موضوع پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک چھت تلے اکٹھا کرنا صحت کے شعبے میں شفافیت اور اس شعبے سے متعلقہ افراد بھی مستفید ہونے ہیں ۔
سیمینار سے ایم ڈی پیپرا اور دیگر سپیکرز نے پیپرا رولز کے حوالے سے شرکا سے خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر ڈی جی نیب ملتان نے اسپیکرز کو سونیر پیش کئے۔