حکومت ملک میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں بہت سنجیدہ ہے :وفاقی وزیر  سید امین الحق

93

لاہور،9نومبر:(اے پی پی): وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تعلیم کے فروغ میں بہت سنجیدہ ہے،  ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے،وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام اس سلسلہ میں دن رات کام کر رہی ہے، ہمارے نوجوان ترقی یافتہ ہو گا تو ملک ترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کو یہاں  کالا شاہ کاکو میں ورچوئل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے  نئے تعمیر ہونے والے جنامک سینٹر میں کام کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر سید امین الحق  نے  کہا کہ لاہور شہر سے 50 کلو میٹر دور کالا شاکاکو میں اس یونیورسٹی کے قیام سے یہاں کے لوگوں کو بہترین تعلیمی سہولیات میسر آسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام پہلو کو نیک نیتی سے حل کر رہے ہیں،ایسے کام کر رہے جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں،اسی سلسلے میں صدر پاکستان کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے میدان میں پاکستان آگے جائے،ہمارا تعلیم کا بجٹ کم ہے،کوشش ہے کہ پاکستان کا 10 فیصد جی ڈی پی تعلیم پر خرچ ہو۔

امین الحق نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی اچھی بات  یہ ہے کہ لوگ ورچول یونیورسٹی کی طرف آرہے ہیں،کم آمدنی والے لوگوں کو تعلیم فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے، ان لوگوں کو ہمت دینا ہے کہ وہ پڑھائی کے ساتھ کام بھی کر سکتے ہیں  جبکہ خواتین کو بھی  ہر شعبے میں آگے لانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 54 فیصد آبادی خواتین کی ہے، کوشش ہے کے خواتین کا رول بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  5 جی لانچ کرنے جا رہے ہیں، جلد عوام کو اس کی سہولیات میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ ہے کہ پاکستان میں سب کے پاس سمارٹ فون ہو۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔