بورے والا :بابا رب راکھاسرکار کا سالانہ عرس، آخری روز کبڈی میچ کا انعقاد

120

بورے والا ، 10 نومبر (اے پی پی ): برصغیر پاک و ہند کے روحانی بزرگ سائیں رب راکھاسرکار کے سالانہ عرس کے آخری روز کبڈی میچ کا انعقاد کیاگیا جس میں لالہ جبار کمبوہ ، وقاص ساپ ،عمران گجر ،باسط علی ، شہرام ساجد بھٹو سمیت ملک کے دیگر نامور انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔

کبڈی میچ کے مہمان خصوصی ایم این اے طاہر اقبال چوہدری ، چوہدری تیمور اسلم ،قمر اقبال چوہدری ڈی ایس پی پٹرولنگ ملک رفیق کھوکھر تھے ۔میچ کو دیکھنے کےلئے دور دراز کے علاقوں سے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

کبڈی کے کھلاڑیوں نے اپنی طاقت کے جوہر دکھاتے ہوئے  شرکاء سے خوب داد وصول کی  ۔ میچ میں وہاڑی ریڈ نے 24کے مقابلے میں 25پوانٹس حاصل کرکے وہاڑی گرین کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ۔

 مہمان خصوصی ایم این اے چوہدری طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ میلے ٹھیلے ہماری ثقافت ہیں اور ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے جہاں پر نوجوانوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملتاہے وہی پر عوام کو بھی تفریح کے موقع میسر ہوتے ہیں ۔میچ کے دوران شائقین ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشیوں کا اظہار کرتے رہے۔