ملتان، 17 نومبر (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال کے پیش نظر امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری پولیس کے کندھوں پر عائد ہے، اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے جنوبی پنجاب پولیس قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف بھرپور سرگردان عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی دعوؤں کے بجائے جنوبی پنجاب میں بڑے گینگ مافیاز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف عملی طور پر بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔تمام ضلعی پولیس سربراہان قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کریں شہریوں کی جانب سے مثبت ردعمل آنے تک کسی ضلع کی پولیس کو چین سے بیٹھنے نہیں دینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس ملتان میں منعقدہ جنوبی پنجاب کے آر پی آوز اور ڈی پی اوز سمیت پولیس افسران کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان،آر پی او بہاولپور زبیر احمد دریشک اور آر پی او ڈیرہ غازی خان رانا فیصل نے بھی شرکت کی اور اپنے متعلقہ ریجن میں امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفننگ بھی دی۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ پٹرولنگ،موٹروے اور ڈولفن سمیت تمام پولیس فورسز کا حساس مقامات پر مشترکہ گشت کا نظام وضح کیاجائے تاکہ موثر ناکہ بندی کے ذریعے مسروقہ گاڑیوں سمیت مقدمات کی ریکوری بھی ممکن بنائی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ سنگین جرائم کی قبل از وقت روک تھام کیلئے جیلوں سے رہا اشتہاریوں اور سنگین مقدمات میں ملوث شرپسندوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ معاشرے میں پیدا ہونی والی بے چینی کے خاتمے کیلئے زیادتی کیسز اور بچوں کیخلاف جرائم کے مرتکب افراد کو نشان عبرت بنائیں گے۔ اس حوالے سے جنوبی پنجاب کے تمام افسران میرٹ پر مقدمات کی پیروی کریں بصورت دیگر زیرالتوا مقدمات کی نشاندھی پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ملتان میں ممکنہ سیاسی جلسہ کے شرکاء اور سیاسی قیادت کی حفاظت کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ اغوا برائے تاوان،ڈکیتی اور دہرے قتل کی وارداتوں کے سنگین مقدمات کی میرٹ پر تفتیش کرکے ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عدالتوں میں بھرپور تیاری کے ساتھ چالان پیش کئے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ فیلڈ میں نفری کی کمی پوری کرنے کیلئے جنوبی پنجاب میں غیر ضروری پروٹوکول ڈیوٹیوں سے نفری واپس لیکر تھانوں میں تعینات کی جائے ۔
اس موقع پر رمضان خالد جوئیہ نے پولیس اور عدلیہ کے مابین بہتر رابطہ سازی کیلئے بریفننگ دی اور پولیس کیسز کی عدالتوں میں موثر پیروی کیلئے ڈی پی اوز کو گائیڈ لائن بھی دی۔
دریں اثناء اجلاس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رمضان خالد جوئیہ نے بھی شرکت کی۔











