کورونا وائرس کے  بڑھتے   کیسز  کے  پیش نظر ، ملتان میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ

227

 ملتان ،  17 نومبر  (ا ے پی پی ): ضلع ملتان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد415 سے تجاوز کر گئی ہے جس کے پیش نظر مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کر لئے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے مختلف ایریاز کے لئے ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے،ٹیمیں انتظامیہ اور پولیس افسران پر مشتمل ہونگی،یہ ایمپلی مینٹیشن ٹیمیں دن کے اوقات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے کمرشل مارکیٹوں اور پلازوں کا دورہ   کریں گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں اور جرمانے ہونگے اور دکانوں کو سیل کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پرائیوٹ لیبارٹریوں کو کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے،پرائیوٹ ہسپتالوں کو بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے داخلے اور علاج کا پابند بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر پرائیویٹ ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے کورونا وائرس کے مریضوں کا تازہ ترین ڈیٹا حاصل کرنے میں تساہل پر محکمہ صحت پر برہم  ہو گئے،انہوں نے استفسار کیا کہ محکمہ صحت کے کام بھی ڈپٹی کمشنر کرے گا؟ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پرائیویٹ ہسپتالوں اور لیبارٹریز مالکان کا اجلاس  بدھ کو طلب کر لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے اپنا کردار ادا کریں،انسانی صحت اور جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں ہے،دکاندار” نو ماسک نو سروس” اور دکانوں کے اندر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر عمل کریں،دکانوں کے اندر رش نہ ہونے دیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بتایا کہ سمارٹ لاک ڈاون کے ایریاز میں 60 لوگوں کی رنڈم سیمپلنگ کی گئی ہے۔سی ایس او شبانہ سیف نے بتایا کہ نومبر میں ابتک کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر169 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جبکہ سمارٹ لاک ڈاون ایریا میں80 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔محکمہ صحت کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں اب تک 5994 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے  415 مریضوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید،سی ایس اوشبانہ سیف اور ڈی ایچ اووز نے  بھی  شرکت کی۔