عارف ولا؛ ہفتہ عظمت شان حبیب مصطفیٰ ﷺ  کے سلسلہ  میں  محفل میلاد ﷺکا انعقاد

239

 

عارف والا،18 نومبر(اے پی پی ): ہفتہ عظمت شان حبیب مصطفیٰ ﷺ  کے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی کے رحمت اللعالمین ہال میں محفل میلاد ﷺ کا  انعقاد ہوا ، جس میں خاتم النبین حضرت محمد عربی ﷺ کی بارگاہ رسالت میں طلبہ نے ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺ کے  گلدستے پیش کیے ۔

محفل میلاد ﷺ میں پیر محمد احمد بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار دو عالم حضرت محمد ﷺ کی  حیات مبارکہ پوری دنیا کیلیے بہترین نمونہ ہے، نبی اکرم نور مجسم ﷺ کی تشریف آوری پوری دنیا کیلئے  رحمتوں کا نزول ہے ۔حضور اکرم ﷺ کی آمد سے جہاں ایک طرف جہالت و تاریکی کا خاتمہ ہوا تو دوسری جانب اس مبارک ہستی کے ظہور سے تمام کائنات نور سے منور ہوگئی۔انہوں نے  کہا کہ ہمیں سنتِِِ  محبوب خدا ﷺ پر عمل کرکے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے ،حضور اکرم ﷺ سے محبت دین حق کی شرط اول ہے۔

  پیر محمد احمد بخاری  نے کہا کہ سرور کائنات شفیع المعظم  ﷺ کو دونوں جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ،آپ ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری سے ظلم و جبر کے بادل چھٹ گئے، شہنشاہِ دوجہاں حضرت محمد عربیﷺ نے ہمیشہ اخوت و بھائی چارے پیار و محبت کا درس دیا ۔

محفل میلاد النبی ﷺ میں حافظ مظہر علی قمر ، مدرسہ جامع حنفیہ غوثیہ کے طلبہ اور عقیدت مند عاشقان رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔